مسئلہ 459 : اگر عورت کو پورے مہینہ خون آتا رہے لیکن دو ماہ مسلسل چند روز معین (مثلا یکم سے ہفتم تک) جو اس نے خون دیکھا اس میں علامات حیض تھیں لیکن باقی دنوں میں نہیں تھیں تو وہ عورت بھی انہیں دنوں کو عادت قرار دے۔
مسئلہ 460 : وہ عورتیں جو عادت وقتیہ عددیہ رکھتی ہیں اگر عادت سے ایک دو یا تین روز پہلے یابعد میں خون دیکھیں اس طرح سے کہ کہا جائےکہ ان کی عادت مقدم یا مو خر ہوگئی ہے تو انہیں حائض عورت کے احکام پر عمل کرنا چاہئے خواہ اس خون میں حیض کی علامات ہوں یا نہ ہوں۔
مسئلہ 461 : وہ عورت جو عادت وقتیہ عددیہ رکھتی ہے اگر عادت سے چند روز پہلے اور چند روز بعد خون دیکھے ( جیسا کہ عورتوں میں معمول ہے کہ کبھی ان کی عادت مقدم اور کبھی موخر ہوجاتی ہے) اور سب ملا کر دس دن سے زیادہ نہ ہو تو سب حیض ہے اور اگر دس دن سے زیادہ ہوجائے تو عادت کے دنوں والا خون حیض ہوگا اور پہلے اور بعد والا استحاضہ ہوگا۔ اسی طرح اگرعادت کے دنوں میں اور چند روز عادت سے پہلے خون دیکھے یا عادت کے دنوں میں اور چند روز عادت کے بعد دیکھے تو اگر دس دن سے زیادہ نہ ہو تو سب حیض ہے اور اگر زیادہ ہو توصرف عادت کے دنوں والا خون، حیض شمار ہوگا۔
مسئلہ 462 : صاحب عادت عورت اگر تین دن یا اس سے زیادہ خون دیکھے اور پاک ہوجائے اور دوبارہ پھر خون دیکھے اور دونوں خون کے درمیان کا فاصلہ دس دن سے کم ہو اور تمام وہ دن جن میں خون دیکھا ہے دس دن سے زیادہ نہ ہوں تو سب حیض ہے(لیکن درمیان میں جن دنوں وہ پاک رہی ہے پاک شمار کی جائے گی) لیکن اگر جن دنوں میں خون آیا ہے وہ دس دن سے زیادہ ہوں تو جو خون عادت کے دنوں میں آیا ہے وہ حیض اور جو عادت کے دنوں میں نہیں آیا وہ استحاضہ ہے اور اگر کوئی بھی عادت کے دنوں میں نہ ہوتو جس خون میں حیض کی علامات ہوں وہ حیض ہوگا اور دوسرا استحاضہ ،اور اگر دونوں میں حیض کی علامات ہوں تو دس دن تک حیض اور باقی استحاضہ ہوگا۔
مسئلہ 463 : عادت وقتیہ عددیہ رکھنے والی عورت اگر عادت کے دنوں میں خون نہ دیکھے اور دوسرے دنوں میں ایام عادت کے مطابق خون دیکھے تو اسی کو حیض قرار دے چاہے وہ عادت کے دنوں سے پہلے ہو یا بعد میں بشرطیکہ اس میں حیض کی علامتیں پائی جائیں۔
مسئلہ 464 : عادت وقتیہ عددیہ رکھنے والی عورت اگر عادت کے دنوں میں خون دیکھے لیکن اس کے دنوں کی تعداد ایام عادت سے کم یا زیادہ ہو اور عادت سے پہلے یابعد میں عادت کے دنوں کے مطابق خون دیکھے تو جو خون عادت کے دنوں آیا ہے اسی کو حیض قرار دے۔
مسئلہ 465 : عادت وقتیہ اور عددیہ رکھنے والی عورتیں اگر دس دن سے زیادہ خون دیکھیں تو جس خون کو عادت کے دنوں میں دیکھا ہے وہی حیض ہے(خواہ اس میں حیض کی علامات ہوں یا نہ ہوں) اور جو خون عادت کے دنوں کے بعد آیا ہے وہ استحاضہ ہے۔(چاہے اس میں حیض کی علامتیں پائی جاتی ہوں یا نہیں)
مسئلہ 520 : میت کے غسل و کفن، نماز و دفن کے لئے اس کے ولی [سرپرست ]سے اجازت لینی چاہئے۔ بیوی کے لئے شوہر سب سے اولی [پہلے]ہے اس کے بعد وہ لوگ ہیں جو میت سے میراث پاتے ہیں، میراث ہی کی ترتیب سے ولایت ہے اور اگر ایک طبقہ میں مرد و عورت دونوں ہوں تو احتیاط واجب یہ ہے کہ دونوں سے اجازت لی جائے۔

