مزدوری طے نہ کرنے کی صورت میں ، مزدوری کا معیار
اگر کوئی شخص کسی دوسرے آدمی کو اپنے مرحوم باپ کے لئے اجرت پر قرآن پڑھنے کے لئے طے کرے لیکن رقم کو معین نہ کرے اور اب قرآن پڑھنے کے بعد ، قرآن پڑھنے والا شخص زیادہ اجرت کا مطالبہ کرے اور اجرت پر طے کرنے والا اس رقم کو ادا نہ کرے تو اس صورت میں ، اس مسئلہ کا حکم بیان فرمائیں ؟
معمول اور رواج کے مطابق اجرةالمثل یعنی اس ایسے کام کی جو اجرت رائج ہے وہ اد اکرے اور مزید اس سے زیادہ دینا ضروری نہیں ہے
وقف شدہ اموال پر خمس
اگر کوئی شخص کسی جائداد کو معین اشخاص مثلاً اولاد کے لئے وقف کرے، کیا اس پر خمس ہے؟
اگر خمس کی تاریخ آجانے سے پہلے وقف کرے تو خمس نہیں ہے ۔
عقد متعہ میں بھائی کی اجازت
اگر کوئی شخص کسی ایسی خاتون سے جس کے شوہر نہ ہو (غیرشادی شدہ) نکاح متعہ کرلے اور وہ خاتون اس نکاح متعہ کی اپنے بھائی کو اطلاع نہ دے کیا ایسا کرنا، بھائی سے خیانت کرناشمار ہوگا ؟ اور اگر بھائی مخالف ہو اور اس خاتون میں شادی کے شرائط موجود ہوں تو کیا اس صورت میں، یہ شادی جائز ہے ؟
جواب :۔ بھائی کی اجازت معتبر نہیں ہے اور اس کو اطلاع نہ دینا خیانت شمار نہیں ہوگا لیکن اس سے مشورہ کرنا مناسب ہے .
پریشانیوں میں کفر آمیز باتوں کا زبان پر جاری ہونا
اگر کوئی شخص چھوٹی چھوٹی مشکلات اور پریشانیوں میں، ایسی باتیں کرے جن سے کفر اور مرتد ہونے کی بو آتی ہو، خدا نہ کرے، مقام عظمت پروردگار یا ائمہ معصومین علیہم السلام کی توہین کرے البتہ یہ بات ملحوظ رکھتے ہوئے نیز یہ جانتے ہوئے کہ دوسرے لمحہ ہی وہ شخص وضو کرے اور نماز پڑھے اور تمام عبادتیں بجالائے، اس صورت میں ایسے لوگوں سے کیا سلوک کیا جائے؟
اگر وہ شخص خود بخود مدہوش ہوجاتا ہے اور کفر آمیز باتیں کرتا ہے تب تو مرتد نہیں ہوگا ورنہ بصورت دیگر مرتد ہوجائے گا ۔
ایک شخص کا اس امام جماعت کی اقتداء کرنا جس کی اس نے غیبت کی ہو
اگر کوئی شخص پیٹھ پیچھے کسی امام جماعت کی غیبت کرے، کیا اس کی اقتداء میں نماز پڑھ سکتا ہے؟
اگر وہ امام جماعت کو عادل جانتا ہے تو اس کی اقتداء کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے؛ لیکن ہرحال میں اپنے گناہ سے توبہ کرے اور اگر کوئی خاص مشکل پیش نہ آئے تو اس سے معافی مانگے ۔
منہ اور ہاتھوں کو تین بار دھونا
اگر کوئی شخص وضو میں تین مرتبہ چہرے اور ہاتھوں کو دھوئے تو اس کی وضو اور عبادات کا کیا حکم ہے؟
جواب: اس کی وضو اور عبادات میں اشکال ہے ، لیکن توجہ رہے کہ دو یا تین مرتبہ دھونے سے مراد یہ ہے کہ وضو کے عضو کو ایک مرتبہ پورا دھوئے، پھر دوسری دفعہ شروع کرے اور مکمل طور پر دھوئے، البتہ کسی عضو پر صرف دو یا اس سے زیادہ دفعہ پانی ڈالنا جب تک مکمل طور پر عضو کو دھونے سے فارغ نہ ہو کوئی حرج نہیں ہے۔
جو شخص قبلہ کی جانب نماز نہیں پڑھتا
اگر کوئی شخص نماز میں مصروف ہے لیکن اس کا رخ قبلہ کی سمت نہیں ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ قبلہ اس کے برعکس دوسری جانب ہے کیا ہم پر ضروری ہے کہ اسکو بتائیں کہ قبلہ کس طرف ہے ؟ کیا امر بالمعروف ونہی عن المنکر اس موقع پر واجب ہے یا نہیں ؟
جواب: بتانا ضروری نہیں لیکن بہتر ہے ۔
تشہد اور سجدے کا بھول جانا
اگر کوئی شخص نما زکی پہلی رکعت میں سجدہ اور دوسری رکعت میں تشہد اور تیسری رکعت میں رکوع بھول جائے تو اس کا کیا وظیفہ ہے ؟
جواب:۔ اگر تیسری رکعت کے پہلے سجدہ میں متوجہ ہو جائے تو اس کو دوسری رکعت قرار دے، تشہد پڑھے اور نماز تمام کرنے کے بعد، بھولے ہوئے سجدے کی قضا بجالائے، اور پھر توضیح المسائل کے دستور کے مطابق ، سجدہ ٴ سہو بجالائے نیز احتیاط کے طور پر نماز کو دوبارہ پڑھے، اور اگر تیسری رکعت کے دوسرے سجدے کے بعد متوجہ ہوتو اس کی نماز باطل ہے ۔
محارم کے ساتھ زنا کا حکم
اگر کوئی شخص نعوذبالله اپنی محارم مثلاً باپ کی بیوی کے ساتھ یہ جانتے ہوئے کہ اسلام میں زنا حرام ہے، منھ کالا کرے، لیکن محارم کے ساتھ زنا کی شدید حرمت اور اس پر سزائے موت کے حکم سے بے خبر ہو، اس مطلب کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر چار بار اقرار کرے، کیا اس کا حکم بھی سزائے موت ہے؟
جواب: جی ہاں اس کا حکم سزائے موت ہے ۔
حد کی سزا میں تخفیف (چھوٹ ہلکی سزا) کا امکان
اگر کوئی شخص مکمل قرآن یا بعض پاروں کا حافظ ہو اور کسی ایسے جرم اور گناہ کا مرتکب ہوجائے جس کی حد (سزا) معین ہے، کیا اس کا حافظ قرآن ہونا، اس کی سزا میں تخفیف (چھوٹ) یا سزا کے ختم ہونے کا سبب ہوجائے گا؟
اگر اقرار کے ذریعہ، اس کا جرم ثابت ہوا ہو، تب تو حاکم شرع اس کی سزا میں چھوٹ (تخفیف) دے سکتا ہے یا اس سے صرف نظر کرسکتا ہے لیکن اگر بیّنہاور دلائل کے ذریعہ ثابت ہوا ہو تو سزا کا حکم، اپنی قوت پر باقی ہے ۔
اجارہ (کرایہ) پر لی گئی موقوفہ زمین میں کنواں کھدوانا۔
اگر کوئی شخص موقوفہ زمین کو متولی سے کرایہ پر حاصل کرلے اور پھر اس میں کنواں کھدوائے کیا یہ کرایہ پر لینے والا موقوفہ زمین کے پانی سے مفت استفادہ کرسکتا ہے یا اس کو پانی کا کرایہ بھی ادا کرنا پڑے گا؟
جواب:اگر اجارہ فقط کھیتی کے لئے تھا تو کنواں کھود کر پانی نکالنے کے لئے دوسرے اجارہ کی ضرورت ہے، مگر یہ کہ عرف عام میں زمین کے اجارہ کے ساتھ کنواں کھودکر پانی نکالنا بھی شامل ہو ۔
واقعی قیمت سے بے خبر ہونے کی صورت میں اختیارات ختم کرنے کا باطل ہونا
اگر کوئی شخص موجودہ قیمتوں سے بے خبر ہوکر، میراث میں ملنے والی اپنے حصّہ کی جائداد کو مبلغ بچاس ہزار تومان کے عوض اپنے بھائیوں کو فروخت کردے، جبکہ اس کے حصّہ کی جائداد کی قیمت پانچ کروڑ تومان سے بھی زیادہ ہو، ایسے معاملہکا کیا حکم ہے؟البتہ یاد رہے کہ خریداروں نے بعض علماء اور دیگر حضرات کو گواہ بناکر تمام اختیارات کو ساقط کردیا ہے، کیا یہ معاملہ صحیح ہے؟
اگر ثابت ہوجائے کہ اس کا حصّہ اُس وقت اتنی قیمت کا تھااور وہ بے خبر تھا تو اختیارات ختم کرانے کا حکم اس کے شامل حال نہیں ہوگا اور وہ شخص معاملہ کو فسخ کرسکتا ہے ۔
جس شخص نے وطن میں قصر نماز پڑھی ہو
اگر کوئی شخص مسافر ہونے کے خیال میں نماز قصر پڑھے یامسافر نہ ہونے کے خیال میں ، نماز کامل اداکرے اور روزہ بھی رکھے ، اورچند روزوںکے بعد اپنی غلطی کی طرف متو جہ ہو جائے اس صورت میں اس کی گذشتہ نمازا و ر روزے کا کیا حکم ہے ؟
جواب:۔ دونوں صورتوں میں ، احتیاط واجب کی بناپر دوبارہ بجالائے۔
ایسی عورت سے شادی کرنا جو عِدّت میں ہے
اگر کوئی شخص مسئلہ نہ جاننے کی وجہ سے ایسی عورت سے شادی کرے جو عدت میں ہو کیا یہ عورت ہمیشہ کے لئے اس مرد پر حرام ہوجائے گی ؟ اور اگر عمداً ایسا کرے تو اس کا کیا حکم ہے یہ بھی بیان فرمادیں ؟
دو صورتوں میں ہمیشہ کے لئے حرام ہوجائے گی ، ایک یہ کہ شادی کرے اور دخول بھی کرے اگرچہ جہل اور نادانی کی وجہ سے ہی کیوں نہ ہو ، دوسرے یہ کہ مسئلہ جانتے ہوئے شادی کرے اگر دخول نہ بھی کرے ۔